نئی دہلی، 4؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی)کانگریس صدر سونیا گاندھی 6 اکتوبر کو کرناٹک میں بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوں گی۔ حالانکہ وہ زیادہ وقت تک ساتھ نہیں چلیں گی۔ منگل یعنی 4 اکتوبر اور بدھ یعنی 5 اکتوبر کو بھارت جوڑو یاترا دسہرا کے سبب رکی رہے گی۔ اس کے علاوہ کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے پیر کو بھارت جوڑو یاترا ایپ لانچ کیا۔جئے رام رمیش نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ کانگریس نے بھارت جوڑو یاترا کیلئے ایک ایپ لانچ کیا ہے۔
اس میں یاترا کی لائیو لوکیشن دیکھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اس کو ڈاؤن لوڈ کر کے اپنا نمبر ڈال کر یاترا سے جڑی سبھی جانکاری بھی حاصل کر سکیں گے۔ اس ایپ کے ذریعہ عام شہری ڈیجیٹل بھارت جوڑو یاتری بھی بن سکیں گے جس کا سرٹیفکیٹ بھی ملے گا۔ اس کے ساتھ ہی اس ایپ میں لوگ اپنے مشورے دے سکتے ہیں اور اس کو کیسے بہتر بنایا جا سکتا ہے اس کو لے کر بھی جانکاری دی جا سکتی ہے۔ حالانکہ ابھی تک اس کی ویب سائٹ لانچ کی گئی تھی لیکن اب ایپ بھی لانچ کر دی گئی ہے۔
راہل گاندھی اور کانگریس کے کئی دیگر لیڈروں اور کارکنوں نے گزشتہ 7ستمبر کو تمل ناڈو کے کنیا کماری سے بھارت جوڑو یاترا کی شروعات کی تھی۔ ان دنوں یاترا کرناٹک میں ہے۔ یاترا کا اختتام آئندہ سال کی شروعات میں کشمیر میں ہوگا۔ اس یاترا میں کل 3570 کلومیٹر کی دوری طے کی جائے گی۔ اس یاترا میں بڑی تعداد میں لوگ شامل ہو رہے ہیں۔ کیرلا کے بعد کرناٹک میں بھی اس یاترا کو زبردست عوامی حمایت مل رہی ہے۔